نئی دہلی،4جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہریانہ میں چلتی ٹرین میں بھیڑ کے ذریعہ پیٹ پیٹ کر مار دئے گئے جنید کے معاملے میں اہم ملزم کی تلاش میں ناکام رہنے کے بعد ہریانہ پولیس نے پیر کو جنید کا قتل کرنے والے اہم ملزم کا پتہ دینے پر دو لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ہریانہ کے بلبھ گڑھ میں کھاڈولی گاؤں کا رہنے والا جنید 22جون کو اپنے چار دوستوں کے ساتھ دہلی سے خریداری کرکے گھر واپس آ رہا تھا، جب چلتی ٹرین میں لوگوں کے ایک گروپ نے انہیں گائے گوشت کھانے والے اور غدار کہتے ہوئے ان پر حملہ کر دیا تھا، جس میں جنید کی موت ہو گئی،پولیس چار ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے لیکن اہم ملزم اب بھی فرار ہے۔
ہریانہ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ معلومات دینے والے شخص کی شناخت کو خفیہ رکھا جائے گا۔معاملے میں پہلے ہی پانچ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔اب تک گرفتار ملزمان میں دو کی شناخت دہلی کے سرکاری ملازمین کے طور پر ہوئی ہے، جن میں ایک 50سالہ شخص شامل ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کی حکومت میں ہریانہ پولیس جنید قتل کیس کی تحقیقات کو لے کر اور اب تک اہم ملزم کو گرفتار نہ کر پانے کی وجہ سے تنقید کے گھیرے میں ہے۔